لاہور/ کراچی...وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ رات 8 سے 12 کے درمیان چند ٹاک شوز ملک کو ڈبوتے ہیں اور 12 بجے پھر پاکستان دوبارہ نارمل ہوجاتا ہے۔مایوس سیاستدانوں، ریٹائرڈ فو جیوںاور کچھ صحافیوں پر مشتمل ٹرائیکا مسلم لیگ (ن) اور فوج کے درمیان تصادم چا ہتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ مخصوص لابی بیانیہ بنارہی ہے۔اداروں کے درمیان ٹکراونہیں ہے ۔ 2018 میں وقت مقررہ پر انتخابات ہوں گے جس سے نہ صرف پاکستان مضبوط ہوگا بلکہ دنیا میں ہمارا امیج بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضے پاکستان کے لئے فائدہ مند ہیں ۔ ملک میں توانائی کے شعبے سمیت دیگر شعبوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہو رہی ہے ۔ صنعتی پیداروار میں اضافہ ہورہا۔ حکومت بیرونی قرضے عیاشی یا خسارے کے لئے نہیں ۔ ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک کی ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے ۔ گزشتہ تین برسوں کے دوران جی ڈی پی میں اضافہ ہوا ہے۔ جو لوگ پاکستان کے قرضوں کے حجم کے حوالے سے بات کرتے ہیں وہ یہ نہیں جانتے کہ پاکستان کے قرضوں کا حجم ملک کے جی ڈی پی کے مقابلے میں متوازن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کی معیشت بہتر ہوئی ہے جبکہ توانائی کا بحران بھی جلد ختم ہونے والا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے امن اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی میوزیکل چیئر سے ملکی ترقی پر منفی اثر پڑا۔ دھرنے کے باعث چینی صدر کو دورہ پاکستان منسوخ کرنا پڑا۔