اسلام آباد... وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن ایک حقیقت اور نواز شریف کے مقابلے کا کوئی لیڈر نہیں ہے۔آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط کرا دیں گے۔ حکومت عدلیہ اور فوج کی دانشمندی کا امتحان ہے۔ ٹی وی انٹرویو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ن لیگ ایک جمہوری پارٹی ہے۔ یہاں لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی ہے۔ ریاض پیر زادہ نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ذاتی رائے کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔ اسلام آباد میں مختلف افواہوں کا بازار گرم ہے۔ کوئی مارشل لا کی باتیں کرتا ہے۔ کوئی حکومت کی چھٹی کی تو کوئی ٹیکنوکریٹ حکومت بننے کی باتیں کر رہا ہے۔ پاکستان میں ٹیکنوکریٹ حکومت کا ماڈل کہیں نظر نہیں آ رہا۔ پاکستانی عوام جا نتے ہیں۔ جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں میں کون شریک ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی توہین کی ہے۔ شیخ رشید خود ننگے پاوں ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تحفظات ہونے کے باوجود عدلیہ کے فیصلوں پر عمل کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اس وقت دانش مندی کا امتحان حکومت اور فوج کا ہے۔ دانشمندی کا مظاہرہ جاری رہا تو ملک تیزی سے ترقی کی طرف گامزن رہے گا۔