لندن...سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کو ہراساں کرنا آزادی اظہار پر حملہ کرنے کے مترادف ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مخالف سیاسی موقف کو طاقت کے زور پر کچلنے کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔ن لیگ سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین کو ہراساں کرنے پر تشویش ہے ۔ہر شخص کو اپنی بات کہنے کا پورا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے وزارت داخلہ سے گمشدگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اورکہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ آزادی اظہارکا احترام اورتحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ملکی قانون ، شائستگی اور اپنی اقدار کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر کسی کو اپنی رائے کے اظہار یا کسی دوسرے کی رائے سے اختلاف کا حق حاصل ہے۔