اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم کرے ،ملیحہ لودھی
نیو یارک ...پاکستان نے فلسطین کے دھڑوں فتح اور حماس کے درمیان حالیہ سیاسی مفاہمت کا خیرمقدم کیاہے۔مشرق وسطی کی صورتحال پر اقوام متحدہ میں مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاکہ اسرائیلی تسلط کے باعث طویل عرصے سے مشکلات کا شکار فلسطینیوں کیلئے یہ مثبت پیشرفت کافی نہیں ۔ غزہ سے اسرائیل کے غیر قانونی اور ظالمانہ محاصرے کو بھی اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل عالمی امن اورسلامتی کے لئے لازمی ہے۔ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کو بحال کیا جائے ۔ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اورالقدس کو دارالحکومت بناناہی مشرق وسطی میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں کی تعمیر کی پالیسوں پرشدید تنقید کی اور کہا کہ غیر قانونی بستیوں کی تعمیرفلسطینی باشندوں کو ان کے گھروں اور زمینوں سے بے دخل کرنے کی کوشش ہے،جسے روکا جائے۔مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت میں اسرائیل کی یک طرفہ تبدیلی کوشش قبول نہیں ۔