Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025

نوازشریف پر تیسرے نیب ریفرنس میں بھی فرد جرم

اسلام آباد.. اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس میں بھی سابق وزیراعظم نواز شریف پر فرد جرم عائد کردی۔ ان کے2 صاحبزادوں، حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور ملزمان قرار دے دیا۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہ کمشنر ان لینڈ ریونیو جہانگیر احمد کو طلب کرلیا۔گذشتہ رو ز ایون فیلڈ اور عزیزیہ اسٹیل ریفرنس میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر پرفرد جرم عائد کی گئی تھی۔ احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے ظافر خان ترین پیش ہوئے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملزمان کے خلاف چارج شیٹ پڑھ کر سنائی۔ جس میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔ ان کی قانونی حیثیت ثابت کرنے میں وہ ناکام رہے ۔ نواز شریف نے اپنے بیٹوںکے نام پر بے نامی جائیدادیں بنائیں۔ متعدد مواقع ملنے کے باوجود اثاثوں کے ذرائع ثابت نہ کرسکے۔ نیب قوانین کے مطابق ان کا فعل قابل سزا جرم ہے۔ کرپشن الزامات پر وہ سزا کے مستحق ہیں۔حسن نواز کی لندن میں10 کمپنیاں اور متعدد مہنگی جائدادیں ہیں حالانکہ 90 کی دہائی میں ان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تھا ۔تعلیم مکمل کرتے ہی انہوں نے متعدد کمپنیاں بنا ڈالیں۔فرد جرم میں کہا گیا کہ نواز شریف وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے عہدوں پر فائز رہے ۔2007 سے لے 2014 تک کیپیٹل ایف زیڈ ای کے چیئرمین بھی رہے۔ نواز شریف نے جے آئی ٹی کو دئیے گئے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ کمپنیوں میں شیئر ہولڈر ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں بھی بیان جمع کرایا۔عدالت میں موجود نواز شریف کے نمائندے نے فرد جرم سے انکار کیا۔
 

شیئر: