سیکیورٹی کیلئے ضروریات پوری کریں گے،اسحاق ڈار
اسلام آباد...وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہو گئی۔محصولات میں 72 فیصد اضافہ ہوا۔ سیکیورٹی کیلئے ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔باوقار قوم کی طرح اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ 480 ارب روپے گردشی قرضے ادا کئے جو اب کم ہو کر400 ارب رہ گئے۔ اقتصادی ترقی کی شرح کو 3.7 فیصد سے 5.3 فیصد تک پہنچایا ، ہمارا ہدف 6 فیصد ہے۔ حکومت کی پوری توجہ شرح نمو پر ہے۔ شرح نمو سے معیشت اور سیکیورٹی کو مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ ذخائرمیں کوئی پریشانی والی بات نہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر ہیں۔ حکومت اپنے اخراجات کو مانیٹر کر رہی ہے۔برآمدات بڑھانے، درآمدات کم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ڈیفالٹ کی باتیں ہو رہی تھیں۔آج ملکی معیشت مستحکم ہے۔ پاکستان کی ریٹنگ میں بہت بہتری آئی ہے۔ عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ معیشت سے متعلق ایک ادارے نے جو بات کی اس کا جواب الجواب نہیں دونگا۔ استعفے کا فیصلہ پارٹی اور وزیر اعظم کریں گے۔