اسلا م آباد...وزیر خزانہ اسحاق ڈار پیر کو پانچویں بار احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔استغاثہ کے مزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ جرح کے دوران اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ خواجہ حارث نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں اور گواہ پر مجھے جرح کرنے دیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آپ کی تو خواہش ہے کہ عدالت سے ہی چلے جائیں مگر جائیں گے نہیں۔ گزشتہ سماعت میں بھی کورٹ سے نکالنے کی کوشش کی گئی تھی۔ خواجہ حارث نے کہا کہ گواہ جھوٹ بول رہا ہے اور ایک جھوٹ کو چھپانے کے لئے دوسرا جھوٹ بولنا پڑتا ہے۔گواہ طارق جاوید نے ای میل کی کاپی وکیل صفائی اور عدالت کو فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بینک ہیڈ آفس کے ساتھ تمام ای میلز کے تبادلے کا ریکارڈ پیش کر دیا ۔ قبل ازیں اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث سپریم کورٹ میں دیگر مقدمات میں مصرو فیت کے باعث نیب کورٹ نہ پہنچ سکے جس پر سماعت کچھ دیر کے لئے ملتوی کردی گئی۔ جونیئر وکیل نے عدالت سے گزارش کی کہ اسحاق ڈار کو جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ انہیں سرکاری امور بھی دیکھنے ہوتے ہیں تاہم عدالت نے اجازت نہیں دی۔