اسلام آباد...سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن محمد صفدر جمعہ کو احتساب عدالت میں پیش ہوئے تاہم وکلاءکے احتجاج کے باعث فرد جرم عائد نہیں کی جاسکی۔ نواز شریف احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور وکلا نے عدالت میں داخل ہونے کی کوشش کی تو انہیں روک دیا گیا جس پر وہ مشتعل ہوگئے۔ ان کی پولیس سے جھڑپیں ہوئیں ۔ن لیگ کے وکلا نے کمرہ عدالت میں بھی احتجاج اور شدید نعرے بازی کی ، پولیس پر تشدد کا الزام لگایا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے برہمی کا اظہار کیا۔ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو عدالت سے جانے کی اجازت دیتے ہوئے بغیر کسی کارروائی کے سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ وزارت داخلہ نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس سے وکلاء اور کارکنوں کی جھڑپ کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔