اسلام آباد...ڈپٹی ا سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے جرمنی میں لاپتہ پی آئی اے کے جہاز کے بارے میں حکومت سے تحقیقات رپورٹ طلب کرلی ۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ فلسطین کے خلاف بننے والی فلم کےلئے پاکستانی جہاز کا استعمال ہونا افسوسناک ہے۔ ایف آئی اے مکمل تحقیقات کر رہا ہے جو بھی ذمہ دار افسران ہونگے ا نہیں سزا دی جائے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں پی آئی اے کے لاپتہ جہاز سے متعلق توجہ دلاﺅ نوٹس کے جواب میں انہوںنے بتایا کہ پی آئی اے کی 4ایئر بس ایسی تھیں وہ اپنی 27 سالہ مدت پوری کر چکی تھیں یہ پرواز کے قابل نہیں تھیں۔ برطانیہ کی ایک کمپنی نے نومبر 2016ءمیں پی آئی اے سے یہ جہاز لیا جو 10 دن وہاں رہا۔ ڈھائی کروڑ روپے کرایہ کی مد میں وصول کیااس وقت کے سی ای او جرمن تھے۔وہ اس جہاز کو جرمنی لے آئے۔ایک میوزیم سے بات کی کہ خرید کر اپنے میوزیم میں رکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ افسوس ہے کہ یہ جہاز فلسطین کے خلاف بننے والی فلم میں استعمال ہوا۔ فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ایک ماہ میں کارروائی مکمل کی جائے۔