اسلام آباد...جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو نیا چیئرمین نیب مقررکردیا گیا ۔وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔تعیناتی 4 سال کے لئے ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیئر مین نیب کی تعیناتی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکی مشاورت سے کی گئی صدر ممنون نے نیب آرڈیننس کے سیکشن 6بی کے تحت تقرر کی منظوری دی ۔اس سے قبل قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھاکہ چیئرمین نیب کے عہدے کے لئے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا نام فائنل کرلیا گیا ۔حکومت نے چیئرمین نیب کے لئے 3 نام دیئے تھے ان میں آفتاب سلطان، جسٹس (ر) رحمت جعفری اور جسٹس (ر) چوہدری اعجاز شامل ہیں اپوزیشن نے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر، جسٹس (ر) جاوید اقبال اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام تجویز کئے تھے۔ اپوزیشن اورحکومت سے جسٹس (ر)جاوید اقبال کے نام پر اتفاق کرلیا ۔