اسلام آباد... وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے تحریک انصاف بیلٹ کی بجائے چوردروازے پر یقین رکھتی ہے۔ میرا اقامہ چیلنج کرنے پرتحریک انصاف کو خوش آمدید کہتا ہوں لیکن ا نہیں ہمیشہ کی طرح ناکامی کا سامنا ہوگا ۔ اتوار ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پہلے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا بھی اقامہ چیلنج کیا تھا ۔ا نہیں ناکامی کا سامنا ہوا ۔ اب میرا اقامہ بھی تحریک انصاف چیلنج کرنے جارہی ہے تو خوش آمدید کہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بیلٹ کی بجائے چور راستے تلاش کررہی ہے جن میں ان کوپہلے کی طرح ناکامی ہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دریں اثناء احسن اقبال نے کہا ہے کہ مخصوص میڈیا چینل پر سازش کے تحت ارکان پارلیمنٹ کی فہرست پیش کی گئی۔خبر کا مقصد مسلم لیگ (ن) میں دراڑیں ڈالنا تھا۔ مسلم لیگ (ن) اس سازش کا شکار نہیں ہوئی۔ یکجا اور متحد ہے۔ خبر من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ اتوار کو نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی بی ایسی کسی بھی فہرست سے انکار کر چکی ہے۔ یہ فہرست سازش کے تحت مخصوص میڈیا چینل پر پیش کی گئی۔