لندن ..سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ میں اور میرے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر آئین و قانون کے احترام میں عدالتوں سامنا کریں گے۔ جب کسی کادامن صاف ہوتا ہے تو وہ عدالتوں سے گھبراتا نہیں۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز پیر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گی۔لندن سے وطن روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حسن اور حسین نواز عدالت میں پیش ہونے کے لئے وطن واپسی کا فیصلہ خود کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہورہا ہے۔ عدالتوں میں پیش ہوں گے اور نظام عدل کو آزمائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تعجب ہو رہا ہے کہ ن لیگ کے صدر کے انتخاب پر وہ لوگ اعتراض اٹھا رہے ہیں جن کا اس معاملے سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ اپنی مرضی کا صدر منتخب کرنا مسلم لیگ (ن) کا جمہوری حق ہے۔مریم نواز نے کہاکہ 2018 کے انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔ جمہوری حکومت اپنی ایک اور مدت پوری کرے گی۔