کوئٹہ ... بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد20 ہوگئی۔ زخمیوں میں کئی کی حالت نازک ہے۔ جمعرات کی رات ضلع جھل مگسی کے علاقے گنداوا میں مقبرہ میر فتح پور پر خودکش حملہ ہوا ۔ خودکش بمبار اندر داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ گیٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس پر اس نے گیٹ پر ہی دھماکہ کردیا ۔صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خودکش حملے میں سجادہ نشین محفوظ رہے۔ ڈیرہ مراد جمالی ،سبی ،جھل مگسی سے امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی ہیں ۔حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ جمعرات کو رش ہونے کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔پولیس نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی ۔ تمام اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔شدید زخمیوں کو لاڑکانہ سمیت دیگر علاقوں کے لئے منتقل کر دیا گیا ۔ ترجمان نے کہا کہ دہشتگرد ایک منصوبے کے تحت بے گنا ہ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر قوتوں کو کسی بھی صور ت معاف نہیں کیا جائیگا۔ صوبائی حکومت اور ان کے ادارے دہشتگردوں کے خلاف پرعزم ہیں۔ان کے تمام عزائم کو ناکام بنائیں گے ۔