قابو پالیاگیا، کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، سعید سرحان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شہر کے مشرقی علاقے میں قائم گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس اور ٹائر کے گوداموں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ۔ آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے بتایا کہ آگ گاڑیوں کے اسپئیر پارٹس اور ٹائروں کے گوداموں میں لگی تھی جس کی وجہ سے علاقے میں کثیف دھواں پھیل گیا ۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوںنے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ فائر فائٹنگ میں شہری دفاع کے 8 یونٹس نے حصہ لیا ۔ اسنارکل کے علاوہ یونٹ میں شامل خصوصی برقی سیڑھیوں والی گاڑیوں سے بھی مدد لی گئی جن پر چڑھ کر اہلکاروں نے آگ بجھائی ۔ متاثرہ مقام پر گاڑیوں کے ٹائر اور فوری آگ پکڑ نے والے آلات کی موجود گی کی وجہ سے کارروائی میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔ کرنل سرحان نے مزید کہا کہ شہر ی دفاع کے امدادی یونٹ میں شامل اہلکاروں نے متاثرہ گودام سے ملحق دیگر گوداموں کو فوری طور پر خالی کروالیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکیں۔ شہری دفاع کے ساتھ ہلال الاحمر کے یونٹ بھی جائے وقوعہ پر موجود تھے تاکہ فوری امدادی کارروائی میں حصہ لیا جاسکے ۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ متعلقہ ادارے آتشزدگی کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں ۔