اسلام آباد/لاہور... سابق وزیراعظم نواز شریف پیرکو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ ان کے خلاف دائر 3 نیب ریفرنسز کی سماعت ہوگی ۔سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ احتساب ریفرنسز نوازشریف، ان کے بچوں حسن، حسین، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ہیں ۔ عدالت نے نوازشریف کو ریفرنسز کی نقول بھی فراہم کر رکھی ہیں۔ نوازشریف قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ 26 ستمبر کو احتساب عدالت نے 3 نیب ریفرنسوں کی سماعت ہوئی تھی۔ فرد جرم کیلئے 2 اکتوبر کی تاریخ مقررکی گئی تھی۔ دریں اثناءلاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پیر کو عدالت میں پیش ہوں گا۔ کلثوم نواز کی صحتیابی کے لئے دعا کریں، وہ جلد واپس پاکستان آئیں گی۔ بچے بھی واپس پاکستان آئیں گے اور عدالتوں کا سامنا کریں گے۔سابق وزیرا عظم اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اس موقع پر مختلف امورپرتبادلہ خیال بھی کیا۔