15ہزار گیسٹ ٹیچر ز کی مستقل تقرری
جمعرات 28 ستمبر 2017 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔قومی راجدھانی دہلی میں تدریس کے فرائض انجام دینے والے مہمان اساتذہ( گیسٹ ٹیچرز)کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔دہلی کابینہ نے مہمان اساتذہ کو مستقل کرنے سے متعلق بل کی منظوری دیدی جسے اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔ دہلی کی کیجریوال حکومت نے15ہزارمہمان اساتذہ اور دیگر مدرسین کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ۔یہ ٹیچرز دہلی میں ’’سروشکچھا ابھیان‘‘کے تحت اپنی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ مہمان اساتذہ مطلوبہ تعلیمی صلاحیت اور معیار کے حامل ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کے تحت اسکولوں میں پڑھانے کیلئے جس صلاحیت اور تجربہ کی ضرورت ہے وہ ان کے پاس موجود ہے۔ یہ اساتذہ سرکاری اسکولوں کیلئے اثاثہ ثابت ہونگے۔