راولپنڈی...آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے کہاہے کہ طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے ۔دشمن ایجنسیاں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں ۔ سمندر پار بیٹھ کرملک توڑنے کی بات کرنے والوں پر جلد قانون کی گرفت ہوگی ۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے گھر گئے اور والدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ جب کوئی جوان شہید ہوتا ہے تو لگتا ہے میرے جسم کا کوئی حصہ کٹ گیا۔میرا جوان کی شہادت والی رات میرے لئے بڑی مشکل ہوتی ہے۔ قربانی کے جذبے سے سرشارسپوتوں کی موجودگی میں ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا ۔امن کی بحالی اور قانون کی بالادستی کے لئے ہر قربانی دیں گے۔ امن اور قانون کی حکمرانی ہر قیمت بحال کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے۔پاک فوج ملک کے بہترین مفاد میں کام کرتی رہے گی۔ کچھ لوگ اور دشمن ایجنسیاں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن پاک فوج دشمنوں کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ان کے مذموم عزائم کی راہ میں رکاوٹ ہے۔افواج پاکستان ملکی مفاد میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔ تمام چیلنجزسے نمٹنے کے لئے قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔