Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

نواز شریف کی آج وطن واپسی ، لندن سے روانہ

لندن/اسلام آباد...سابق وزیر اعظم نوازشریف نے فو ری وطن واپسی اور عدا لتوں میں مقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ سے وطن واپسی کےلئے روانہ ہوگئے ۔ پیر کی صبح 8بجے اسلام آباد پہنچیں گے ۔ منگل کو نیب عدالت میں پیش ہونگے۔روانگی سے قبل ہیتھروایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بات پانا مہ کی تھی تو سزا اقامہ پر کیوں ہوئی؟ فیصلہ بھی انہوں نے دیا، اپیل بھی انہوں نے سنی، نگران جج بھی وہی بن گئے۔ یہ کیسا احتساب ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی، سرکاری پیسہ نہیں کھایا۔ بار بار کہا کرپشن،کک بیک یا کمیشن کا کیس نہیں۔انہوں نے کہا کہ ریفرنس پیسے کھانے پرہوتایا ٹھیکے میں پیسہ کمانے پر ہوتا لیکن یہ کس قسم کا احتساب ہے کہ بات پانا مہ کی تھی تو سزا اقامہ پر ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن آیا تھا، ایسا ارادہ نہیں تھاکہ لندن بیٹھارہوں گااور واپس نہیں جاوں گا۔نواز شریف کی ہیتھرو ایئرپورٹ روانگی کے وقت شہباز شریف اور حسین نوازنے انہیں الوداع کیا۔ذرائع کے مطابق وطن واپسی کا فیصلہ اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقات میں کیا گیا ۔ سابق وزیرِ اعظم کی زیر صدارت لندن میں لیگی رہنماو¿ں کی ایک ا ور اہم بیٹھک ہوئی ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت اہم رہنما شریک ہوئے ۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف کو پاکستان میں ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران شریف فیملی کو عدالتی معاملات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف آج اسلام آباد پہنچنے پر اپنے لیگل ایڈوائزرز سے ملیں گے اور بھرپور قانونی جنگ لڑیں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے بھی پاکستان آکر ریفرنسز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہباز شریف اپنے شیڈول کے مطابق 28-30 ستمبر کے درمیان وطن واپس آئیں گے ۔ مریم، حسن اور حسین نواز لندن میں اپنی والدہ کلثوم نواز کے ساتھ ہی رہیں گے۔ وطن واپسی کے بعد نواز شریف اعلیٰ سطح کا سیاسی اجلاس بھی طلب کریں گے۔ (ن) لیگ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ 

شیئر: