Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 31 جولائی ، 2025 | Thursday , July   31, 2025
جمعرات ، 31 جولائی ، 2025 | Thursday , July   31, 2025

نواز شریف کی سیاست ختم ،اب زرداری کی باری ہے،عمران

حیدرآباد... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اندھیری رات ختم ہو چکی۔ نوازشریف اور ان کے خاندان کی سیاست کا خاتمہ ہو گیا انہیں الوداع، الطاف حسین پہلے ہی ختم ہو چکا ہے۔اب بمبینو سنیما کے ٹکٹ بیچنے والے زرداری کی باری ہے۔ جب تک زندہ ہوں ان کرپٹ لوگوں کا مقابلہ کروں گا انہیں شکست دے کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ حیدرآباد میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ جس بڑے پیمانے پر ظلم ہو رہا ہے ویسا کہیں اور دیکھنے میں نہیں آیا۔ آج ایئرپورٹ سے جلسہ گاہ تک آتے ہوئے حیدرآباد کی میں نے جو حالت دیکھی ۔ گندگی اور کچرے کے ڈھیر ملک کے کسی اور حصے میں کبھی نہیں دیکھے۔ 24 سال سے سندھ آ رہا ہوں۔ اس لئے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ سندھ کے حالات بگڑے ہیں بہتر نہیں ہوئے۔ آج سندھ کے عوام سے وعدہ لینے آیا ہوں کہ میں سندھ کے ظالموں کا مقابلہ کروں گا ۔ وہ میرا ساتھ دیں گے۔ سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف علی زداری ہے۔ پیپلزپارٹی کے 30 سال کے دور اقتدار سے پہلے سے جانتا ہوں۔ وہ بمبینو سنیما کے ٹکٹ بلیک کرتا تھا ۔اس کے والد کے پاس صرف 150 ایکڑ زمین تھی۔ آج آصف علی زرداری کے پاس ایک لاکھ ایکڑ زرعی زمین ہے۔ 19 شوگرملیں ہیں۔ لندن امریکہ دبئی فرانس میں محل ہوٹل اور دیگر جائدادیں ہیں۔ یہ سب پیسہ نوازشریف کی طرح زرداری نے بھی چوری کرکے باہر بھیجا اور اس سے جائدادیں بنائیں۔ نوازشریف اور زرداری نے اس قوم پر جو ظلم کیا ہے وہ دشمن بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب ایماندار ادارہ ہوتا، ایف بی آر خودمختار ہوتا، ایف آئی اے فرض شناس ہوتا اورعدالتیں سپریم کورٹ کی طرح کام کرتیں تو ان سب کی کرپشن پکڑی جاتی اور یہ سب جیلوں میں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور نوازشریف نے میثاق جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا۔ الیکشن کمیشن، نگراں حکومت، نیب یہ سارے ادارے من پسند بنائے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ ان کی کرپشن کو کوئی روکنے والا نہیں رہا ۔ آج اس خطے میں پاکستان، ہند بنگلہ دیش سب سے پیچھے رہ گیا ۔ صرف ان2 خاندانوں اور ان کے بچوں نے ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف تو اب گھر چلا گیا اب زرداری کے پیچھے ہوں گے۔ اسے جیل میں ڈلوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سے پوچھتا ہوں کہ وہ کیسے پیپلزپارٹی کا چیئرمین بن گیا ۔ اس کے پاس ملک کے نظام کو ٹھیک کرنے کا کیا تجریہ ہے؟۔کوئی معمولی ملازمت بھی حاصل کرنی ہو تو اہلیت اور تجربہ پوچھا جاتا ہے لیکن تم یہاں حکومت کرنے آ گئے ہو۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی تقریروں کی ویڈیو دیکھ کر ہاتھ ہلانے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔ اس کے لئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمہارے نانا بڑے لیڈر تھے تو انہوں نے محنت کی تھی۔ ملک کے ایک ایک حصے میں گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سے سوال کرتا ہوں کہ وہ 4 سال سے پارٹی کے چیئرمین ہے اس نے سندھ میں کیا کیا ہے۔اس نے کبھی اپنے والد اور پھوپھی سے پوچھا کہ ان کے پاس اتنی دولت کہاں سے آ گئی ۔ 

 

شیئر: