لاہور...لاہور کی احتساب عدالت نے گیپکو اسکینڈل میں سابق وزیراعظم را جہ پرویز اشرف سمیت 8 افراد پر فرد جرم عائد کردی ۔سابق وزیراعظم پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے گیپکومیں 437 افراد کو میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کیا۔نیب نے پرویز اشرف سمیت 8 افراد کے خلاف 2016 میں ریفرنس دائر کیا تھا ۔عدالت نے گواہوں کو شہادتیں ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کرلیا ۔ پرویز اشرف کے وکیل نے کہا کہ نیب کی جانب سے فراہم کی جانے والی دستاویزات نامکمل ہیں۔عدالت نے کہا کہ دستاویزات کے حصول کے لئے آپ کو وقت دیا لیکن آج پھر وہی گردان دہرائی جا رہی ہے ۔6 ماہ سے آپ تاریخ پر تاریخ لیتے جا رہے ہیں ۔ پرویز اشرف کے وکیل نے کہا کہ نیب کے وکیل کے پاس ریکارڈ موجود ہی نہیں۔عدالت ریفرنس کی دوبارہ صاف اور مکمل کاپیاں فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔ پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راجہ پرویز اشرف نے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں، جنہوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں۔ سابق وزیراعظم ووٹ یبنک مضبوط بنانے کے لئے اپنے حلقے کے ووٹرز کو نوازتے رہے اور اہل افراد کو ان کے جائز حق سے محروم کیا۔