لاہور... سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اورمسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔کسی نے گرفتار کرنا ہے تو کر لے۔ جیلوں سے ڈرانے والے ہتھکنڈے اب کام نہیں کریں گے۔ 1999میں بھی جیلیں دیکھ چکے ہیں، جیلوں میں ڈالنا چاہیں تو ضرور ڈال دیں۔سب سے کمزور ادارہ جمہوری حکومت ہوا کرتی ہے ۔ڈیڑھ کروڑ ووٹ لینے والا ایک اقامہ کی مار ہے۔نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوںنے کہا کہ جنہیں میدان میں مقابلے میں اپنی ہار نظر آتی ہے تو وہ بہانوں کے پیچھے چھپتے ہیں، ان کا کام رونا دھونا ہے اور یہ کام وہ پچھلے چار پانچ سال سے کر رہے ہیں۔اس کے سوا ا نہیں کوئی اور کام آتا نہیں۔ ریلیوں میں سرکاری وسائل کی بات مضحکہ خیز ہے۔ کیا لوگوں میں جذبہ اور محبت سرکاری وسائل سے لائی جا سکتی ہے؟۔اس سوال پر کہ کیا وہ پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے لئے تیار ہیں؟ مریم نواز نے کہا کہ پارٹی قیادت اور پارٹی کا لیڈر نواز شریف ہے، ہم سب ان کی قیادت میں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔ ججوں نے خود کہہ دیا کہ کرپشن نہیں ہوئی۔نواز شریف کیخلاف فیصلے پر دنیا اور قانون کے ماہرین بھی حیران ہیں۔پانا مہ کیس سے کچھ لوگوں کی اصلیت سامنے آگئی۔ پانامہ فیصلے نے نواز شریف کو نقصان نہیں فائدہ دیا ہے ۔ فیصلہ کرنے والے خود کنفیوژ ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ میڈیا سیل چلانا میرا حق تھا، سرکاری نہیں پارٹی کا میڈیا سیل چلاتی تھی۔