لاہور...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ مریم نواز کے پاس سارے اختیارات ہیں وہ ڈپٹی وزیراعظم بنی بیٹھی ہیں۔ ایک طرف پوری حکومتی مشنری کام کر رہی ہے۔ دوسری جانب ہمیں روکا جا رہاہے۔ جمعرات کو لاہور میں ریلی کے شرکا اور پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر کوئی مہم نہیں چلائیں گے۔ نہ عدالت پر کوئی دباو ڈالیں گے ۔ مجھے الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے مقدمہ میں بلایا ہے۔ نواز شریف نے جی ٹی روڈ پر عدلیہ کی توہین کی وزراءاور مریم نواز اور ججوں کی توہین کر رہے ہیں۔ انہیں سپریم کورٹ نہیں بلا رہی مگر ایک چھوٹی سی چیز پر الیکشن کمیشن نے مجھے طلب کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا رویہ جانبدار اور (ن) لیگ کی لائن ہے۔ الیکشن کمیشن کا کام صاف اور شفاف انتخابات کرانا ہے مگر وہ اپنا کام نہیں کر رہی۔ الیکشن کمیشن کے ناروا رو ئیے پر سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن وارنٹ جاری نہیں کر سکتا یہ لوگ ہمیں تباہی کی طرف لیکر جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے احتساب کے بعد کسی چور کونہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک میچ قذافی اسٹیڈیم اور دوسرا این اے 120میں ہوگا ۔اتوار کو عوام کے ایک فیصلے سے نیا پاکستان بنے گا۔گوالمنڈی میں2 مرلے کے گھر میں رہنے والے آج ارب پتی بن گئے۔ میری پاکستان سے باہر کوئی جائداد نہیں جبکہ لندن کے4 محلات مریم نواز کے نام پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن روکنے سے ملک میں خوشحالی بڑھے گی۔سپریم کورٹ نے پہلی مرتبہ ایک طاقتور کا احتساب کیا ہے ،پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔