شرد یادو کو جھٹکا، نتیش کی زیر قیادت جے ڈی یو ہی اصل
نئی دہلی۔۔۔۔الیکشن کمیشن نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی جنتا دل یونائٹیڈ کو ہی حقیقی جنتا دل یونائٹیڈ تسلیم کیا ہے اور پارٹی کے باغی لیڈر شردیادو کا دعویٰ مسترد کردیا۔ یادو نے پارٹی پر اپنا دعویٰ ثابت کرنے کیلئے درخواست پیش کی تھی جس پرالیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ دیا۔کمیشن نے شرد یادو کو بھیجے گئے پیغام میں کہا ہے کہ چونکہ شرد یادو نے درخواست میں اپنے دعوے کی حمایت میں دستاویزات پیش نہیں کئے لہذا ان کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔ واضح ہو کہ گزشتہ دنوں کمیشن کے سامنے یادو نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کا گروپ ہی اصلی جنتا دل (یو) ہے ۔ جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار کے بی جے پی کے ساتھ مل جانے کے بعد یادو گروپ نے بغاوت کردی تھی۔کمار نے شرد دھڑے کے سیکریٹری جنرل ارون کمار کو عہدے سے ہٹا دیا تھا اور ممبر پارلیمنٹ علی انور کو راجیہ سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈراور اس کے بعد یادو کو بھی ایوان میں پارٹی کے لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔