Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 12 اگست ، 2025 | Tuesday , August   12, 2025
منگل ، 12 اگست ، 2025 | Tuesday , August   12, 2025

گورکھپور اور پھول پور لوک سبھا سیٹ یوگی کیلئے پھول نہیں

    لکھنو۔۔۔۔۔۔اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے لئے گورکھپور اور پھول پور لوک  سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب کا نتیجہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں کرنا کسی  بڑے ٹیسٹ سے کم نہیں ہوگا۔  یوگی کی طرح نائب وزیر اعلی کیشو پرشاد موریہ بھی قانون ساز کونسل کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔  یوگی گورکھپور اور  موریہ پھول پور لوک سبھا سے ممبرپارلیمنٹ ہیں۔ دونوں ہی لیڈرجلد  لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دینے والے ہیں۔استعفیٰ کے بعد دونوں نشستوں پر ضمنی انتخابات ہو ں گے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج بی جے پی کے حق میں آنے پر ہی سمجھا جائے گا کہ  یوگی اپنے پہلے سیاسی امتحان میں کتنا کامیاب ہوں گے۔  عام طور پر بہوجن سماج پارٹی ضمنی انتخابات سے خود کو الگ رکھتی ہے، لیکن سیاسی حلقوں میں لگائی جا رہی قیاس آرائیوں کے مطابق  بی ایس پی  صدر  مایاوتی پھول پور سے   اپوزیشن کی  مشترکہ امیدوار ہو سکتی ہیں۔ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے مایاوتی حزب اختلا ف کی مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے ضمنی انتخابات لڑتی ہیں تو بی جے پی کے لئے پھول پور سیٹ جیتنا  تقریباً  ناممکن ہوگا۔ بی جے پی دونوں سیٹوں کو دوبارہ جیتنا چاہے گی اس کے لیے  وہ ہر ممکن کوشش کرے گی کیونکہ اس کا اثر 2019 ء میں ہونے والے لوک  سبھا انتخابات میں پڑ سکتا ہے۔  دونوں میں سے ایک بھی  سیٹ بی جے پی کی جھولی سے گئی  تو اس کی اہمیت پر  بٹہ لگ سکتا ہے۔یوگی  آدتیہ ناتھ کے  ریاستی قانون سازکونسل کی  رکنیت حاصل کرنے کے  بعد اب سب سے  بڑا سوال یہ ہے کہ گورکھپور کا اگلا ممبرپارلیمنٹ گورکشا پیٹھ سے ہی ہوگا۔ مبصرین کا خیال ہے کہ  شاید یوگی   اپنے عزیزشاگرد کو  انتخابی میدان میں اتاریں گے  اور لوک سبھا کاامیدوار بنا سکتے ہیں حالانکہ   یوگی کا کہنا ہے کہ جو  بھی پارٹی فیصلہ کرے گی  وہ اسے تسلیم کریں گے۔پارٹی کے ایک  لیڈر کا کہنا ہے کہ گورکھپور کے امیدوار کو منتخب کرنے میں   یوگی کا کردارکافی اہم ہوگا۔دوسری طرف  جو لوگ  پارٹی میں   یوگی کو  پسند نہیں کرتے   ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی یوگی پر کنٹرول رکھنے کے لئے ان کے کسی  حریف کو بھی ٹکٹ دے سکتی ہے۔ اس طرح کے لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ گورکھپور کے ہی باشندہ شیوپرتاپ شکلا کو اسی  وجہ سے  مرکز میں  وزیر بنایا گیا ہے۔ اگرچہ   وزیر اعلیٰ کے  مزاج سے  واقف لوگوں کا دعویٰ ہے کہ پارٹی  شاید ہی ایسا کرے   کیونکہ یوگی  اپنے دھن پر قائم رہنے  والوں میں سے ہیں اور انہیں  ناراض کر کے گورکھپور  کی سیٹ کے لئے امیدوارکا انتخاب شاید ہی کیا جائے۔

شیئر: