ریاض (ذکاءاللہ محسن ) حلقہ فکروفن ریاض کے زیراہتمام کاشانہ ادب ریاض میں صدر حلقہ فکروفن ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی زیر صدارت نامور ادیب، افسانہ نگار ، ڈرامہ نویس، اشفاق احمد کی 13 ویں یاد کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر ریاض کے ادبی ،سماجی اور سیاسی اکابرین نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل حلقہ فکروفن اور معروف شاعر وقار نسیم وامق نے بخوبی سرانجام دئیے۔ تلاوتِ قرآن کریم کی سعادت محمد رمضان نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت عبدالرزاق تبسم نے پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری نے اشفاق احمد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی محمد اصغر چشتی نے کہا کہ اشفاق احمد کے انتقال کرجانے کے بعد اس قوم کو ایسا داستان گو نصیب نہیں ہوا ۔وقار نسیم وامق نے کہا کہ اشفاق احمد کی ادبی کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال اور حافظ عبدالوحید نے اپنے مقالہ جات میں اشفاق احمد کی شخصیت اور فکروفن کا بھرپور احاطہ پیش کیا جبکہ وسیم ساحر، عبدالرزاق تبسم، یوسف علی یوسف ، چوہدری عبدالمجید ، ڈاکٹر سعید احمد وینس اور ڈاکٹر محمود باجوہ نے اشفاق احمد کو شعری و نثری خراج تحسین پیش کیا۔