لاہور... سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ17 ستمبر کو عوام کی جے آئی ٹی لگے گی ۔ عوام کا فیصلہ ہر کسی کو ماننا پڑے گا۔نواز شریف نے ووٹ کی طاقت اور عوام کی حکمرانی کی جنگ شروع کی ہے۔ پانامہ کیس کے فیصلہ میں منصف خود مدعی بن گئے۔ نواز شریف سے ناانصافی کی نظر ثانی اپیل عوام کی عدالت میں لائی ہوں۔ پیرکو لاہورکے الحمرا ہال میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نااہلی کے بعد جتنی محبت نواز شریف کو ملی زندگی میں نہیں دیکھی ۔مقدمہ پانامہ پہ چلا ،فیصلہ اقامہ پہ آیا۔ عوام کی عدالت جو فیصلہ دے گی وہ ہرکسی کو ماننا پڑے گا۔انہوںنے کہا کہ این اے 120 کی مہم میں احساس ہوا کہ ہر کوئی وکیل بن کر نواز شریف کا مقدمہ لڑ رہا ہے ۔عوام نے بتادیا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی منظور نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سیاسی جلسے کی خالی کرسیاں ناکامی کی داستان سنا رہی ہیں۔ مہروں کی سیاست کرنے والوں کو ناکامی ہوگی۔جلسے میں جس طرح کرسیاں خالی تھیں بیلٹ باکس بھی خالی نکلیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے کروڑوں ووٹروں کو نااہل کرو پھرشاید کچھ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جس راستے پر نکلے ہیں وہ آسان نہیں ہے۔ آپ ووٹ کی طاقت سے اس جنگ میں نواز شریف کے ساتھی بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی میں جی ٹی روڈ ریلی والے مناظر نہیں دیکھے۔ عوام دیوانہ وار باہر نکلے۔