عراق سے کردستان کی علیحدگی عرب قومی سلامتی کو نقصان پہنچائے گی، عرب لیگ
قاہرہ- - - - - عرب لیگ نے خبردار کیا ہے کہ عراق سے کردستان کی علیحدگی عربوںکی قومی سلامتی کو نقصان پہنچائے گی۔ اس کے سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے عراقی حکومت کے عہدیداروں اور عراقی کردستان کے رہنماؤں سے کہا کہ وہ اعتماد بحال کرنے کیلئے فوری بلا واسطہ مکالمہ شروع کریں۔ دوٹوک گفتگو کریں، ایک دوسرے کی باتیں کھلے دل دماغ سے سنیں۔ ابوالغیط نے اتوار کو اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ مکالمہ غیر متزلزل اصولوں کی بنیاد پر ہو۔ بات چیت یہ مان کر کی جائے کہ عراقی عوام کی تشکیل میں شامل تمام عناصر کا اعلیٰ مفاد عراق کے اتحاد و سالمیت میں مضمر ہے۔ مکالمے کی بنیاد یہ بھی ہو کہ عراق میں مستحکم و مضبوط جمہوریت کی علمبردار فیڈریشن قائم ہو۔ اس کیلئے ٹھوس اور مخلصانہ جدوجہد کی جائے۔ یہ نظام عراق کے تمام باشندوں کے حقوق کا ضامن اور محافظ ہو۔ سب کو مساویانہ حقوق حاصل ہوں۔ قانون کی بالادستی سب پر نافذہو۔ یہ تسلیم کیا جائے کہ کرد ہی عراقی ریاست کی تشکیل میں بنیادی پتھر کا درجہ رکھتے ہیں۔ عراقی ریاست کے مستقبل یا عراق میں سیاسی عمل کا کوئی بھی نظام ترتیب دیتے وقت کردوں کو نہ تو دیوار سے لگایا جائے او رنہ ہی جدید ریاست کے قیام میں انہیں الگ تھلگ کیا جائے۔