اسلام آباد..پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں کیخلاف مظالم پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ہفتے کو میانمار کے سفیر سے روہنگیا کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار حکومت پر زور دیا کہ ریاست را کھین میں روہنگیا مسلمانوں کیخلاف تشدد روکنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے میانمار کے سفیر سے مطالبہ کیا کہ روہنگیا مسلمانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور مسئلے کے حل کے لئے کوفی عنان کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ میانمار حکومت اقلیت کے خلاف گھناو¿نے جرائم میں ملوث افراد کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لائے اور مسلمانوں پر منظم تشدد کی تحقیقات کرائے۔ میانمار کے سفیر نے پاکستان کے تحفظات اور خدشات سے حکومت کو آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔