اسلام آباد...تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نیب ریفرنس کی منظوری کے بعد اسحاق ڈار کو مستعفی ہوجانا چاہئیے ۔ سی پیک کے باوجود ملک میں سرمایہ کاری کم ہو ئی ہے۔ جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنی کم سرمایہ کاری کبھی نہیں آئی۔ مشرف اور آصف زردای کے دور میں بھی اس سے زیادہ سرمایہ کاری آئی ۔ ملک میں سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ کرپشن ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں معیشت کا اتنا برا حال نہیں ہوا ۔ یہ کہتے ہیں ہم نے بہت ترقی کی لیکن ججوں نے نکال دیا۔ انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش اور ہند کی ایکسپورٹ بڑھ ر ہی ہے۔ پا کستان کی برآمدات تباہ ہوگئیں۔ برآمدات اور درآمدات میں 30ارب ڈالر کا فرق آیا ہے۔برآمدات نہیں بڑھیں گی تو بیرو نی ملک قرضے کیسے واپس کریں گے۔ قرضوں کا حجم ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت امیروں سے ٹیکس نہیں لے رہی۔ غریبوں کا خون چوسا جارہا ہے۔ملک کا متوسط طبقہ سکڑ رہا ہے اور غربت بڑھ رہی ہے۔ چیئرمین نیب کا کام کرپشن کو پکڑنا لیکن ہمارے پیسے سے تنخواہ لینے والے نیب چیئرمین بڑی کرپشن پر پردہ ڈال رہے اور چھوٹے چوروں کو پکڑ رہے ہیں۔