ہنگری اور سلوواکیہ کو تارکین وطن کو پناہ دینا پڑے گی، یورپی عدالت
برسلز ۔۔۔۔ یورپی عدالتِ انصاف نے یورپی یونین کی مہاجرین سے متعلق پالیسی کے خلاف ہنگری اور سلوواکیہ کی دائر کردہ اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔ یورپی عدالت کے ایک فیصلے کے مطابق تارکین وطن کو پناہ دینے کے معاملے میں یورپی یونین اپنی رکن ریاستوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔ لکسمبرگ میں قائم یورپی عدالت برائے انصاف نے آج بروز بدھ اپنے فیصلے کہا کہ مہاجرین کی یورپی یونین کے رکن ممالک میں تقسیم سے متعلق ابتدائی طور پر طے شدہ نظام کے خلاف سلوواکیہ اور ہنگری کی اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں۔ تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مہاجرین کی ایک باقاعدہ کوٹے کے تحت تقسیم کے ساتھ اٹلی اور یونان پر مہاجرین کا بوجھ کچھ کم ہو سکے گا۔