Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025

70برس سے روہنگی مسلمانوں کی مدد کررہے ہیں، سعودی عرب

ریاض..... ترکی میں متعین سعودی سفیر ولید الخریجی نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب 70برس سے روہنگی مسلمانوں کی دامے درمے قدمے سخنے مدد کررہا ہے۔3لاکھ برمیوں کی میزبانی کا اعزاز بھی حاصل کئے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں میں انکے قضیے کی بھرپور ترجمانی اور عطیات پیش کرکے انکی مدد کی۔ سعودی سفیر نے بدھ کو اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ سعودی عرب دنیا بھر میں انسانی حقوق کے مسائل سے گہری دلچسپی لیتا رہا ہے۔ روہنگی مسلمانوں کے حوالے سے سعودی قیادت نے بیان بازی سے زیادہ عملی اقدامات کا اہتمام کیا ہے۔ سعودی عرب ان ممالک میں سرفہرست ہے جنہوں نے عالمی تنظیموں میں روہنگی مسلمانو ںکے مسائل کو پوری قوت سے اٹھایا۔ سعودی عرب نے 1982ءکے دوران میانمار کی حکومت کی اس بات پر مذمت کی تھی کہ وہ روہنگی مسلمانوں کو غیر قانونی بنگالی تارکین کہہ کر انہیں انکے حقوق سے محروم کررہی تھی۔ برمی حکومت انہیں اپنا شہری تسلیم نہ کرکے انکی آمد ورفت پر پابندیاں لگائے ہوئے ہے اور انہیں خوراک اور صحت نگہداشت جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم کئے ہوئے ہے۔ مملکت اس کی بارہا مذمت کرچکی ہے۔ مملکت نے تعلیمی اور صحت پروگراموں کیلئے 50ملین ڈالر کا عطیہ بھی دیا ہے جبکہ 1984ءسے تقریباً 3لاکھ برمیوں کی میزبانی کررہا ہے۔سعودی دفتر خارجہ نسلی تطہیر، روہنگی مسلمانوں کے جبری تخلیے، آبرو ریزی، خونریزی اور جبر وتشدد کے خلاف انتہائی سخت بیانات جاری کرچکا ہے اور انکے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر لانے کیلئے متعدد اقدامات کرچکا ہے۔

شیئر: