حجاج مکہ سے مدینہ 9 ستمبر کو جائیں گے، آخری حج پرواز 5 اکتوبر کو مدینہ منورہ سے جائےگی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) انڈین حج قونصل محمد شاہد عالم کا کہنا ہے کہ ہندوستانی حجاج کی واپسی آج سے شروع ہو رہی ہے ۔ پہلی پرواز جدہ حج ٹرمنل سے 300 حجاج کو لیکر لکھنو¿جائےگی ۔ اردونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے قونصل حج نے مزید کہا کہ امسال حج انتظامات بہترین رہے ۔ سعودی اداروں کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں جملہ سہولتیں مہیا کی گئی تھیں جس کی وجہ سے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ مشاعر مقدسہ ٹرین سرو س سے حجاج کرام کو کافی سہولت ہوئی۔ وہ سفر جو کئی گھنٹوں میں طے ہوتا تھا وہ منٹوں میں ہوجاتا ہے جس سے حجاج کو کافی آسانی رہی۔ شاہد عالم نے مزید کہا کہ امسال مشاعر مقدسہ میں 11حاجی جاں بحق ہوئے ۔ 9 حجاج منیٰ میں اور 2 عرفات میں جاں بحق ہوئے۔ تمام متوفین کو انکے لواحقین کی اجازت سے مکہ مکرمہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ حجاج کی واپسی کے حوالے سے قونصل حج کا کہنا تھا کہ جدہ سے بعداز حج آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یومیہ10 سے 12 پروازیں جدہ حج ٹرمنل سے روانہ ہونگی جبکہ مدینہ منورہ سے حجاج کی ہندوستان روانگی کا آغاز 19 ستمبرسے ہوگا ۔ آخری حج پرواز 5 اکتوبرکو مدینہ منورہ سے جائے گی ۔ مدینہ منورہ میں حجاج کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ حج اسٹاف اور مقامی خدام الحجاج کو انکی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔ مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہلا قافلہ 9 ستمبر کو روانہ ہو گا ۔ مدینہ منورہ میں حج مشن کے تحت قائم اسپتال اور ڈسپینسریوں میں تمام عملہ پہنچ گیا ہے جبکہ ضروری ادویات پہلے سے وہاں موجود ہیں ۔ شاہد عالم کا کہنا تھا کہ حج سیزن میں کسی قسم کی نمایاں شکایت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاہم معمولی نوعیت کی شکایات سامنے آتی رہیںجن کا ازالہ فوری طور پر کر دیا گیا ۔ مشاعر مقدسہ میں حجاج کی رہنمائی کےلئے حج مشن کی جانب سے خدام الحجاج کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں جو حجاج کی رہنمائی کرتے رہے ۔ مشاعر مقدسہ میں بھی حجاج کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ تمام انتظامات بہترین رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر برس کی طرح وہ حجاج جن کی آمد جدہ حج ٹرمنل پر ہوئی تھی انکی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی جبکہ وہ حجاج جو قبل از حج مدینہ منورہ اترے تھے وہ جدہ حج ٹرمنل سے واپس جائیں گے ۔ جدہ حج ٹرمنل پر مشن کا اسٹاف اور خدام الحجاج پہنچ چکے ہیں جو حجاج کی رہنمائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔