افغان فوجی کمانڈوز کی تعداد میں100 فیصد اضافہ کرنے کا منصوبہ
کابل ۔۔۔۔۔۔افغان حکومت طالبان کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے کے لئے فوجی کمانڈوز کی تعداد میں سو فیصد اضافہ کرے گی۔ اسپیشل آپریشن کمانڈ کے تحت بھرتی کئے جانے والے ان کمانڈوز کو دارالحکومت کابل کے قریب کیمپ مورہیڈ سمیت دو فوجی بیسز پر امریکی فوجی حکام کی زیر نگرانی سخت تربیت دی جا رہی ہے۔ افغان وزارت دفاع کے حکام کے مطابق اس وقت افغان فوج میں کمانڈوز کی تعداد 17 ہزار ہے جو صدر اشرف غنی کے چار سالہ منصوبے کی تکمیل پر بڑھ کر 34 ہزار ہو جائے گی۔ امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ موجودہ افغان کمانڈوز نے طالبان کے خلاف کارروائیوں میں اب تک نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔اس کے باوجود طالبان اپنے زیر اثر علاقوں میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔