اسلام آباد ... دفتر خارجہ کے ترجمان نے وزیر خارجہ کے غیر ملکی دورے کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ خواجہ آصف 8ستمبر کو چین کا دورہ کریں گے ۔اعلیٰ چینی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال اور حالیہ امریکی پالیسی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔ چین پاکستان کا سب سے بڑا حامی اور دوست ملک ہے اور پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف ستمبر کے دوسرے ہفتے میں روس ‘ ترکی اور ایران کا بھی دورہ کریں گے۔نفیس زکریا نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔ افغان معاملے پر علاقائی فورسز سے ملکر چلیں گے۔ خطے کی صورتحال اور امن و امان کیلئے چین ایران اور روسی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی پالیسی برائے افغانستان اور جنوبی ایشیاءکے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ مشاورت کے بعد پالیسی مرتب کریں گے۔ 7 ستمبر کو اسلام آباد میں سفراء کیکانفرنس ہوگی جس کی صدارت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔ اہم ممالک سے پاکستانی سفیروں کو دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا ۔ کانفرنس میں امریکی پالیسی کے بعد لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ٹرمپ نے افغانستان اور جنوبی ایشیاءکے بارے میں پالیسی کا کرتے ہوئے پاکستان کو دھمکیاں دی اور ڈو مور کا تقا ضہ کیا۔ پاکستان نے امریکی پالیسی کو مسترد کردیا۔