امسال حج ٹرمینل سے 950ہزار عازمین پہنچے، آمد کا مرحلہ مکمل
عازمین 38فیصد زیادہ آئے، ڈائریکٹر جنرل جدہ ہوائی اڈہ عبداللہ الریمی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عبداللہ بن مسعد الریمی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کی نسبت امسال عازمین کی تعداد میں 38 فیصد اضافہ ہو ا ۔ جدہ حج ٹرمینل پر اب تک 4755 پروازوں کے ذریعے مختلف ممالک سے 9 لاکھ 50 ہزار عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے پہنچے ۔ حج ٹرمنل پر عازمین کے استقبال کےلئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ الریمی نے مزید کہا کہ امسال زیادہ عازمین کی آمد کے سبب تمام اداروں کی جانب سے اضافی عملہ متعین کیا گیاتھا تاکہ عازمین کو بہتر خدمات فراہم کی جاسکیں ۔ حج ٹرمینل پر محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ،کسٹم ، وزارت حج و عمرہ ، پولیس ، مکتب خدمات الحجاج کے علاوہ دیگر اداروں کی جانب سے ذیلی ادارے قائم کئے جاتے ہیں ۔ ضیوف الرحمان کے استقبال کے لئے رضا کار بھی بڑی تعداد میں حج ٹرمینل پر خدمات انجام دیتے ہیں جو معمر افراد کو ٹرمنل سے وئیل چیئر پر انکے ممالک کے حج آفس تک لے جاتے ہیں ۔ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی واپسی کا پروگرام 13 ذوالحجہ سے شروع ہو گا جس کے ساتھ ہی حج آپریشن کے دوسرے مرحلے یعنی حجاج کرام کی انکے ملکوں کوروانگی شروع ہو جائے گی ۔ واضح رہے جدہ حج ٹرمینل پر امیگریشن کے 420 کاﺅنٹر ز قائم ہیں جبکہ کسٹم کے 16 پوائنٹس ہیں جن میں سے ہر ایک پوائنٹ پر 2 اسکیننگ مشینیں نصب ہیں ۔ مسافروں کے سامان کےلئے 12 کنوئیر بیلٹ ہیں ۔ حج ٹرمنل پر ضیو ف الرحمان کے بیٹھنے کےلئے 10 ہزار کرسیاں رکھی گئی ہیں جبکہ ٹرمینل کے اندرونی اور بیرونی صحن میں نماز ادا کرنے کےلئے 40 مقامات مختص کئے ہیں ۔ بیرونی صحن کا رقبہ ایک لاکھ 40 ہزرامربع میٹر ہے صحنوں میں 40 ائیر کولنگ پلانٹس ہیں تاکہ موسم معتدل رہے ۔ ٹرمینل پر 47جہاز بیک وقت کھڑے کرنے کی گنجائش ہے ۔ امسال اضافی عازمین کی آمد کو مدنظررکھتے ہوئے جدہ حج ٹرمینل پر خدمات کے معیار کو بلند کرنے کےلئے اضافی اہلکار وں کو تعینات کیا گیا جبکہ کاﺅنٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ٹرمینل پر یومیہ 70 ہزار مسافروں کی گنجائش ہے ۔