جدہ ....روسی سینیٹ کے ڈپٹی اسپیکر اور روسی صدر کے مشیر الیاس اونوف نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی حج خدمات قابل تعریف ہیں۔سعودی حکومت مشاعر مقدسہ اور حرمین شریفین میں تعمیراتی منصوبے اور نظم و ضبط پیدا کرنے کی شاندار کوششیں کررہی ہے اور منفرد کامیابی حاصل کئے ہوئے ہے۔ سعودی حکومت تمام حجاج کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔ انہیں جو ضرورت ہوتی ہے اسے اخلاص اور ایثار کے ساتھ مہیا کرتی ہے۔ وہ پیر کو جدہ میں روسی سفیر کی موجودگی میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ روس کے کسی اعلیٰ عہدیدار نے حج موسم میں حج امور پر پریس کانفرنس کا اہتمام کیا ہے۔ روسی صدر کے مشیر نے بتایا کہ وہ 25ملین روسی مسلمانوں کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں شاندار خدمات اور منفرد حج سہولتو ںپر سعودی عرب کیلئے سلام شکر لیکر پہنچے ہیں۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا روسی حاجیوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ روسی صدر کے مشیر نے کہا کہ روسی حاجیوں کو گزشتہ 15برس کے دوران سعودی عہدیداروں نے شاندار مراعات دی ہیں۔تب سے اب تک 3لاکھ روسی عازمین حج کی سعادت حاصل کرچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حج سہولتوں کی بدولت ہی فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم یہ ہے کہ عازمین حج کی آمد کو منظم کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس کے 86علاقوں میں مسلمان آباد ہیں۔ روسی صدر اور روسی پارلیمنٹ، روسی سیاحتی کمپنیوں کے اشتراک سے انکے سفر حج کو منظم کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روس سے 20ہزار عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مملکت پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے روس کے ساتھ طے پانے والے معاملات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ 3برسوں کے دوران روسی حج مشن اور روسی حج قونصل نے حج امور کو منظم کرنے اور سعودی حکام کیساتھ ربط و ضبط پیدا کرنے کے حوالے سے مثالی کردار کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس سعودی عرب کے ساتھ اعلیٰ سطح پر تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا خواہاں ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیزجلد وفاقی روس کا دورہ کرینگے۔ ان کے اس دورے کا بے چینی سے انتظار ہے۔یہ دورہ دونوں ملکوںکے باہمی تعلقات کو مثالی اور خصوصی شکل دیگا۔