جاں بحق 39عازمین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں سپرد خاک کر دیا،ساجد یوسفانی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ پشاروسے 275 عازمین کو لیکر آخری حج پرواز مملکت پہنچ گئی جس کے ساتھ حکومتی اسکیم کے تحت آنے والے عازمین کی تعداد مکمل ہوگئی ۔ اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل حج نے مزید کہا کہ عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لینے کےلئے حج ایڈوائزری کمیٹی کے ارکان بھی مملکت پہنچ چکے ہیں جن میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ،وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات ، رکن قومی اسمبلی پیر سید عمران شاہ سمیت دیگر ارکان شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل حج نے بتایا کہ کمیٹی کے ارکان حج امور کا جائزہ لینے کے بعد مقامی اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ کمیٹی کو حج مشن کی جانب سے عازمین حج کےلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی جائےگی ۔ ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا کہ مشاعر مقدسہ میں عازمین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ عازمین کی مشاعر روانگی اور وقوف عرفہ کے بعد جمرات کے لئے جانے کا شیڈول بھی معلمین کی جانب سے فراہم کر دیا گیا ہے ۔ 7 ذوالحجہ کی شب سے عازمین کو منیٰ روانہ کرنا شروع کر دیاجائےگا ۔ ڈائریکٹر حج نے بتایا کہ قبل از حج عازمین کی جانب سے سامان کی گمشدگی کی 923 شکایات درج کرائی گئیں جن کا سامان تلاش کر کے متعلقہ عازمین کے حوالے کر دیا گیا ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں راستہ بھول جانے والے 232 عازمین کو اہلکاروں نے انکی رہائش تک پہنچایا ۔ حج گائیڈز نے 20 ہزار 903 عازمین کی رہنمائی کی ۔ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کی تعداد 1157رہی جن میں سے 923 کا ازالہ کیا گیا ۔ پاکستان حج مشن کے زیر انتظام مکہ اور مدینہ منورہ میں مرکزی اسپتال کو ڈسپینسریوں میں ایک ماہ کے دوران ایک لاکھ36ہزار686 افرادکو طبی امداد فراہم کی گئی ۔ 1291 ضرورت مند عازمین کو وہیل چیئر فراہم کی گئی ۔ اب تک مدینہ منورہ اور مکہ معظمہ میں انتقال کرنے والے پاکستانی عازمین حج کی تعداد کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل حج کا کہنا تھا کہ حکومتی اسکیم کے تحت آنے والے 29جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے زیرانتظام آنے والے 10 عازمین حج کا انتقال ہوا جنہیں انکے لواحقین کی اجازت کے بعد جنت المعلیٰ اور جنت البقیع میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ساجد یوسفانی کا کہنا تھا کہ قبل ازحج تمام انتظامات بہتر طور پر مکمل ہو چکے ہیں۔ تمام عازمین کو بہترین خوراک فراہم کی جارہی ہے ۔