ریاض .... ادارہ امن عامہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حج انتظامات کو حتمی شکل دےدی گئی ہے ۔ حج پرمٹ کے بغیر آنے والے 10 ہزار افراد کو لوٹایا جاچکا ہے ۔ دوران حج امن عامہ کو ہر قیمت پر برقرار رکھیں گے، کسی قسم کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ سبق نیوز نے ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے لکھا ہے کہ مکہ مکرمہ کے داخلی راستو ں پرقائم کی گئی چیک پوسٹوں پر آنے والے ایسے 10 ہزار افراد جو مکہ مکرمہ کے رہائشی نہیں تھے انہیں لوٹا دیا گیا ۔ بغیر حج پرمٹ کے احرام میں آنےوالے مقامی اور خلیجی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 673 افراد کو بھی لوٹایا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر لوگوں کو مشاعر لے جانے والے 17 افراد کو گرفتا رکیا گیا ہے جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائیگی ۔ بغیر پرمٹ کے مکہ مکرمہ جانے والی 5 ہزار667 گاڑیوں کو بھی چیک پوسٹ سے لوٹایا گیا۔