مکہ مکرمہ ..... وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ میں حجاج کو سن اسٹروک سے بچانے کےلئے پانی کی پھوار پھینکنے والے 280 پنکھوں کا انتظام کیا ہے ۔ توقع ہے کہ امسال مشاعرمقدسہ میں موسم گرم ہو گا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارت صحت کی جانب سے حجاج کرا م کی دیکھ بھال اور علاج معالجے کےلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ وزرات صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امسال محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق مشاعر مقدسہ میں موسم قدرے گرم رہے گا ۔ دھوپ کی شدت سے حجاج کرام کو قدرے مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو دیکھتے ہوئے وزارت صحت کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ سن اسٹروک سے بچنے کےلئے پانی کی پھوار پھینکنے والے خصوصی پنکھوں کا انتظام کیا گیا ہے جنہیں کہیں بھی منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ امور صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ پنکھے سن اسٹروک میں کافی معاون ثابت ہوتے ہیں ۔ وزارت نے امسال امور صحت سے متعلق اضافی عملہ بھی متعین کیا ہے جنہیں سن اسٹروک کے کیسوں سے نمٹنے کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے ۔