لاہور... سابق صدر آصف علی زرداری نے دعوی کیا کہ نوازشریف کا پاکستان میں 10 بلین ڈالرکا بزنس پورٹ فولیوہے۔ایف آئی اے کا کام ہے نوازشریف کی جائداد کا پتہ لگائے یہ میرا کام نہیں۔ نجی ٹی وٹی چینل کو انٹرویو میں سابق صدر نے کہا کہ نوازشریف کی جن کمپنیوں کی بات کررہا ہوں وہ پبلک لمیٹڈ ہیں۔ان کے ڈائریکٹرز کوئی اور ہیں۔ملک چلانے اوربزنس چلانے میں فرق ہے۔ نوازشریف اب کہتے ہیں کہ وہ نظریاتی بن گئے ہیں۔ نواز شریف نے ملک کو جو نقصان پہنچایا وہ تاریخ میں لکھا جائے گا۔ سابق وزیر اعظم نکالے جانے کے ہی قابل تھے۔ عدالت کی بات درست ہے۔ یہ گاڈ فادر اور سیسلین مافیا ہی ہیں ۔ زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو فتح کبھی پلیٹ پر رکھ کر نہیں ملی۔ ن لیگ کے پاس کبھی عوامی مینڈیٹ نہیں تھا ۔نوازشریف کوہمیشہ پاورمیں لایا گیا ۔ جب تک جان میں جان ہے، ہم لڑتے رہیں گے اور جمہوریت مضبوط کر کے دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ پانا مہ کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے متفق ہوں۔ امید کرتے ہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو این آر او نہ ملے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی چیئرمین شپ فیصلہ کرے گی کہ 62، 63 ترمیم میں ن لیگ کا ساتھ دینا ہے یا نہیں؟ ایک سوال پر زرداری نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں تحریک انصاف کا کوئی وجود نہیں ۔ اس مرتبہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا سے بھی فارغ ہو جائے گی۔ ایک سوا ل پر انہوں نے کہا کہ متحدہ کلاشنکوف کی بڑی جماعت ہوسکتی ہے کراچی کی نہیں۔