مکہ مکرمہ..... گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل نے توقع ظاہر کی ہے کہ امسال حج کیلئے بیرون مملکت سے 2.38ملین ضیو ف الرحمن ارض مقدس پہنچیں گے۔ 1437ھ کے مقابلے میں 11فیصد زیادہ ہونگے۔ وہ منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات کا دورہ کر کے صحافیوں سے گفتگو اور ان کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ خالد الفیصل نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں جامع ترقیاتی منصوبہ ترتیب دیا جا رہاہے۔ وزارت حج و عمرہ جلد ہی عملدرآمد کیلئے پیش کرےگی۔ انہو ںنے ایرانی عازمین سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حج کیلئے آنے والے ایرانیوں پر کوئی خصوصی پابندی نہیں۔ حج کے نظم وضبط کو برقرار رکھنے کیلئے جو پابندیاں دنیا بھر کے ملکوں سے آنے والے عازمین پر ہیں ایرانی بھی ان سے مستثنیٰ نہیں۔ سعودی عرب دنیا بھر سے آنے والے عازمین کا خیرمقدم کرتا ہے اور ادنیٰ تفریق کے بغیر سب کو مطلوبہ خدمات پیش کرتا ہے۔ خالد الفیصل نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے مشاعر مقدسہ میں پناہ گاہیں تیار کرائی ہیں جن میں 30ہزار سے زیادہ افراد سما سکتے ہیں۔ یہ کسی بھی ہنگامی صورتحال برپا ہونے کی صورت میں کام آئیں گی۔ خالد الفیصل نے مشاعر مقدسہ میں نافذ کئے جانےوالے تمام منصوبوں کا دورہ کیا اور ان سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے المعیصم میں مذابح کے کچرے کی ری سائیکلنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ 9ہزار ٹن سے زیادہ فضلے کو کھاد میں تبدیل کیا جائےگا۔ انہوں نے بتایا کہ منیٰ میں حاجیوں کی رہائش کیلئے عمارتوں کا منصوبہ نفاذ کیلئے جلد ہی پیش کردیا جائیگا۔ اب تک 64فرضی داخلی معلمین اور حج قوانین کی خلاف ورزی کرکے مشاعر مقدسہ جانے کی کوشش کرنےوالے 2لاکھ35 ہزار 154گرفتار کئے جاچکے ہیں۔120سے زیادہ غیر قانونی گاڑیوں کو واپس کیا گیا ہے۔ 1899 ایسے افراد پکڑے گئے ہیںجو غیر قانونی طریقے سے عازمین کو مقاماتِ حج لیجارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں امسال 14نئے ترقیاتی منصوبے 300ملین ریال کی لاگت سے نافذ کئے گئے۔