منیٰ میں عمارتوں کا منصوبہ جلد نافذ ہوگا، خالد الفیصل
مکہ مکرمہ....گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے توقع ظاہر کی ہے کہ امسال حج کیلئے بیرون مملکت سے 2.38ملین ضیو ف الرحمن ارض مقدس پہنچیں گے۔ 1437ھ کے مقابلے میں 11فیصد زیادہ ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ منیٰ میں حاجیوں کی رہائش کیلئے عمارتوں کا منصوبہ نفاذ کیلئے جلد ہی پیش کردیا جائیگا۔ اب تک 64فرضی داخلی معلمین اور حج قوانین کی خلاف ورزی کرکے مشاعر مقدسہ جانے کی کوشش کرنےوالے 2لاکھ35ہزار154گرفتار کئے جاچکے ہیں۔120سے زیادہ غیر قانونی گاڑیوں کو واپس کیا گیا ہے۔ 1899 ایسے افراد پکڑے گئے ہیںجو غیر قانونی طریقے سے عازمین کو مقاماتِ حج لیجارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں امسال 14نئے ترقیاتی منصوبے 300ملین ریال کی لاگت سے نافذ کئے گئے۔