Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025
پیر ، 16 جون ، 2025 | Monday , June   16, 2025

چھتیس گڑھ۔--امبیڈکر اسپتال میں آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ سے3بچوں کی موت

    رائے پور------یوپی جہاں بی جے پی کی حکومت ہے کے شہر گورکھ پور میں آکسیجن کی قلت کے باعث سرکاری اسپتال میں 63سے زائد بچوں کی موت کے بعد ایسا ہی واقعہ بی جے پی کی حکومت والی دوسری ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت  رائے پور کے ایک سرکاری اسپتال میں پیش آیا جہاں آکسیجن کی قلت کے باعث 3بچوں نے دم توڑ دیا جبکہ دیگر بچوں کی حالت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ نے جہاں ایک طرف اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے وہاں انہوں نے اس کی جانچ کا حکم بھی دے دیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اتوار کی رات میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اسپتال میں شعبہ آکسیجن فراہمی میں کام کرنے والے  آپریٹر نے ڈیوٹی کے دوران شراب پی تھی جس کے بعد وہ نشے کی حالت میں وہیں سو گیا اور اسپتال میں زیرعلاج بچوں کو فراہم کی جانیوالی آکسیجن منقطع ہو گئی جس کے بعد بچوں کے وارڈ میں افراتفری اور شور شرابہ ہونے لگا۔ اس واقعہ کی اطلاع اسپتال کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ملی جو فوراً ہی موقع پر پہنچ گئے۔ گورکھ پور کے کے بی ڈی اسپتال میں جو کچھ ہوا اس کی خبر سے تمام سرکاری اسپتال پہلے ہی چوکنا ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ میڈیکل  سپرنٹنڈنٹ رات کو ہی بچوں کے وارڈ میں داخل ہوئے اور وہاں پر موجود ایمرجنسی آکسیجن کا استعمال کیا گیا لیکن 3بچوں کو بچایا نہیں جا سکا۔ گیس شعبہ کے آپریٹر کیخلاف سخت کارروائی کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور ایک اطلاع کے مطابق اسے معطل بھی کیا جا چکا ہے حالانکہ پولیس نے آپریٹر کیخلاف قتل کا کیس درج کیا ہے مگر اس کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی  کیونکہ اس معاملے کو متنازعہ بنا دیا گیا ہے۔ اسپتال کے ڈائریکٹر ہیلتھ آر پرسنا کے بیان کے مطابق تینوں بچوں کی موت آکسیجن کی عدم فراہمی کے باعث نہیں ہوئی ۔ پولیس نے اپنی سطح پر اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے حکم کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی جا رہی ہے۔ 

شیئر: