آسٹریلیا میں انسداد دہشتگردی کے منصوبے کا اعلان
سڈنی …آسٹریلیاکی حکومت نے ایسے دہشتگردحملوں کی روک تھام کیلئے سلامتی حکمتِ عملی کا اعلان کیا ہے جن میں گاڑیاں یا دیگر ہتھیار استعمال کئے جاتے ہیں ۔ وزیرِاعظم میلکم ٹرن بْل نے اسپین میں حالیہ حملوں کے بعد منصوبے کا اعلان کیا ۔ اْنہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کیلئے حکومت کو مستقل طور اپنے اقدامات بہتر اور جدید بنانے کی ضرورت ہے۔نیا منصوبہ مقامی حکومتوں اور منتظمین پر زور دیتا ہے کہ وہ پْرہجوم جگہوں پر گاڑیوں کے حملوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں۔اِن اقدامات میں اہم شاہراہوں کے کنارے دھات یا کنکریٹ کی رکاوٹیں لگانے اور گاڑیوں کو رفتار بڑھانے سے روکنے کیلئے سڑکوں پر زاویہ دار رکاوٹ یا اسپیڈ بریکر لگانا شامل ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیاکی حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جولائی میں فرانس کے جنوبی شہر نِیس میں ایک ٹرک سے 86 افراد کی ہلاکت کے بعد سے وہ اِس حکمتِ عملی پر کام کر رہی ہے۔