ریاض.... زکوٰة و آمدنی بورڈ نے ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں اُن اشیاءکو بھی شامل کر لیا ہے جن کی خریداری آن لائن ہوتی ہے۔ اسی طرح استعمال شدہ گاڑیوں کی خریدو فروخت پر بھی ویلیو ایڈیڈ ٹیکس لاگو ہو گا۔ بورڈ نے اپنی ویب سائٹ میں واضح کیا ہے کہ آن لائن شاپ سے کوئی بھی چیز خریدی جائے گی تو اس پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس لاگو ہو گا ۔اسی طرح آن لائن اشیا ءکی فروخت کرنے والا اگر یہ کام تجارت کی غرض سے کر رہا ہے تو اس پر بھی ویلیو ایڈیڈ ٹیکس نافذ ہوگا۔ استعمال شدہ گاڑیوں کی فروخت کے وقت گاڑی کی اصل قیمت پر ٹیکس نہیں ہو گا بلکہ اس کا نفاذ منافع پر ہوگا۔ دوسری طرف گاڑیوں کی خرید وفروخت سے وابستہ تاجروں کا کہنا ہے کہ ویلیوایڈیڈ ٹیکس کا نفاذ جنوری 2018ءسے متوقع ہے جس کے بعد نئی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ ہو گا۔ مختلف اشیاءکے علاوہ نئی اور استعمال شدہ گاڑیوں پر 5فیصد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس لگایا جائے گا۔ وہ کمپنیاں جن کی آمدنی 375ہزار ریال سے کم ہے انہیں ویلیو ایڈیڈ ٹیکس سے استثنیٰ ہے۔