لاہور... سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں اختلافات کی جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اختلافات کی توقع رکھنے والے دھول چاٹیں گے۔ٹوئٹر پر بیان میں مریم نواز نے کہاکہ حمزہ شہباز اور پرویز ملک نے این اے 120 سے متعلق اجلاس کی مشترکہ صدارت کی ہے۔ شریف خاندان میں آج بھی پہلے کی طرح اتفاق ہے اور ہمیشہ رہے گا ۔ دریں اثناء ترجمان (ن) لیگ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہاکہ شریف فیملی میں اختلافات مخالفین کی خواہش ہو سکتی ہے جو کبھی پوری نہیں ہو گی۔ پرویز ملک کو بطور صدر مسلم لیگ (ن) لاہور، این اے 120 میں ضمنی انتخاب کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ دریں اثناء اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے این اے 120 کی انتخابی مہم سے اپنے بھتیجے حمزہ شہباز کو فارغ کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم حمزہ شہباز نے چلانا تھی لیکن نوازشریف نے وزیر تجارت پرویز ملک کو انتخابی مہم کا انچارج مقرر کیا ہے۔