اسلام آباد... سابق وزیراعظم نواز شریف نے آئین میں ممکنہ ترمیم کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری سے مدد مانگ لی۔ نواز شریف نے ثالث کے ذر یعے پھر قومی مفاہمتی فارمولا پیش کردیاہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو خصوصی پیغام بھجوایا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر پابند رہنے کے لئے دونوں جماعتوں سے معمولی غلطیاں ہوئی ہیں مگر ایسا نہیں کہ ملکی مفادات کے لئے معمولی خلفشار آڑے آ جائیں۔ نواز شریف نے خصوصی پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اگر آرٹیکل62,63میں ترمیم میں ساتھ دے تو اگلے الیکشن میںمسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ دینے کو تیار ہے اور غیر مشروط تعاون کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے جواب میں کہا ہے کہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جمہوریت کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں تاہم پارٹی سے مشاورت کریں گے۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان سے بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مدد مانگی ہے۔ ذرائع نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی اور جے یو آئی (ف) اسلام ”ف“ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو بھی اعتماد میں لینے کی شرط رکھی ہے۔