ڈاکٹر منصور میمن کی جانب سے ڈاکٹر شازیہ اور ڈاکٹر کلیم کے اعزاز میں الوداعیہ
ڈاکٹر شازیہ اور ڈاکٹر کلیم نے کنگ خالد میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں 19 سال خدمات انجام دی ہیں
ریاض (ذکاء اللہ محسن)ڈاکٹر منصور میمن کی جانب سے ڈاکٹر شازیہ اور ڈاکٹر کلیم کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں میمن کمیونٹی اور دیگر افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر منصور میمن نے بتایا کہ ڈاکٹر شازیہ اور ڈاکٹر کلیم نے کنگ خالد میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں 19 سال اپنی خدمات سرانجام دی ہیں۔اس دوران انہوں نے سفارت خانہ پاکستان میں لگنے والے فری میڈیکل کیمپوں میں اپنے ہم وطنوں کی گراں قدر خدمت کی ہے، جس پر آج ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان کے سیکڑوں ڈاکٹرز آج بھی سعودی عرب میں اپنی نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن کو سعودی گورنمنٹ بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
الوداعی تقریب میں سندھ کے سابق چیف سیکریٹری مخدوم غلام محمد میمن بھی شریک تھے جنہوں نے ڈاکٹر شازیہ اور ڈاکٹر کلیم کو تحائف پیش کئے اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شازیہ کلیم اور ڈاکٹر کلیم کا کہنا تھا کہ ہم نے سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر پایا، یہاں رہ کر اور ملازمت کرکے ہم بہت خوش ہیں مگر اب اس عظیم سرزمین کو چھوڑ کے جانا پڑ رہا ہے۔ ہماری ہمیشہ کوشش رہی کہ سعودی گورنمنٹ نے جو اعتماد پاکستانی ڈاکٹرز پر دکھایا، اس پر پورا اترا جائے۔ ہمیں فخر ہے کہ تمام ڈاکٹرز پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
تقریب سے بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن، ڈاکٹر مصطفی میمن اور دیگر نے بھی خطاب کیاجبکہ طفیل سنجرانی نے اپنی خوبصورت آواز میں نغمہ سنا کر سماں باندھ دیا۔