جدہ - - - - - - - -تلنگانہ این آر آئی فورم کی جانب سے’’حج والنٹیئرز سیمینار‘‘ تنظیم کے صدر محمد عبدالجبار کی صدارت اور چیئرمین اعجاز احمد کی نگرانی میں مقامی ہوٹل میں منعقد کیا گیا ۔سیمینار میںہندوستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور والنٹیئرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ انڈین پلگریم ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سربراہ محمد قادر خان اور جزاک اللہ فاؤنڈیشن کے سربراہ داؤد علی مہمان خصوصی تھے ۔ صدر تلنگانہ این آر آئی فورم محمد عبدالجبار نے کہا کہ ہماری تنظیم کئی سالوں سے حجاج کی خدمت کو اپنا وتیرہ بنائی ہوئی ہے جہاں ہم دیگر فلاحی اور سماجی کام کرتے ہیں وہیں حج کے موقع پر ایسے حجاج کرام جو منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ میں سے بھٹک جاتے ہیں ، بیمار ہوجاتے ہیں اور سامان گم ہوجانے سے مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں ہمارے کارکن ان کی رہنمائی کرتے ہیں ۔ ضعیف اور پریشان حال حاجیوں کو دھوپ کی شدت اور ہجوم کی کثرت کی وجہ سے چلنے سے قاصر ہوتے ہیں انہیں وہیل چیئر پر بٹھا کر ان کے خیموں تک پہنچاتے ہوئے انہیں پانی ،جوس اور عطر دیکر ان کی حوصلے بلند کرتے ہیں ۔ ہمارے کارکن بیمار حاجیوں کو اسپتال تک پہنچانے میں خود کو پیش پیش رکھتے ہیں اور اگر راستے بند ہوجائیں تو ایسی صورت میں کندھوں پر مریضوں کو ڈال کر حکومت کی جانب سے قائم کلینک ٹینٹ تک پہنچاتے ہیں ۔ یہ کام صرف اور صرف اللہ کی رضا کیلئے فی سبیل اللہ کیا جاتا ہے ۔ چیئرمین فورم اعجاز احمد خان نے کہا کہ تلنگانہ این آر آئی فورم جس جذبہ اور خلوص دل سے حجاج کی خدمت کرتی ہے ،وہ نہ صرف قابل تعریف ہے بلکہ ہم سب کی دعاؤں کی حقدار بھی ہے ۔یہ والنٹیئرز لاکھوں کے ازدحام میں ضعیف اور پریشان لوگوں کی مدد کرتے ہوئے اللہ کا قرب حاصل کرتے ہیں ۔ اعجاز احمد خان نے اس موقع پر آئی پی ڈبلیو ایف تنظیم کی بھی ستائش کی جو ہندوستانی قونصلیٹ کے تعاون سے بڑے پیمانے پر حاجیوں کی خدمت میں لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ فورم جدہ کے علاوہ ریاض میں بھی اپنے کام کو وسعت دے رہی ہے۔ عزیز قدوائی نے تلنگانہ فورم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بہت کم عرصے میں اس کے والنٹیئرز نے حجاج کی خدمت کرتے ہوئے لوگوں کے دلوں میں اپنا مقام بنالیا ۔ قونصلیٹ کے حج مشن سے جڑ گئے ۔ انہوں نے اس موقع پر قونصل جنرل ہند نور رحمان شیخ اور حج قونصلر جاوید عالم کے کام کی ستائش کی اور کہا کہ اب تک ہزاروں حجاج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پہنچ چکے ہیں ان کے قیام اور سفر کو بہتر بنانے میں قونصلیٹ مستقل مزاجی سے سرگرداں ہے ۔ مہمان خصوصی داؤد علی نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ گزشتہ سال فورم کے محمد لئیق ، کفیل بیگ،ایوب خان اور محمود مصری جیسے تجربے کار کارکن جو انتہائی چابک دستی سے ایئر پورٹ سے مشاعر تک حجاج کی خدمت میں لگے رہے اور اس سال بھی خدمت کیلئے حاضر ہیں۔ قادر خان نے کہا کہ حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں اور ہم اللہ کے مہمانوں کے خادم ہیں ۔اس خدمت سے ہماری دنیا و آخرت یقینا سنور جائے گی ۔ اس موقع پر محمد نظام الدین ، افتخار بھائی اور تمام خدام کا فورم کی جانب سے فردا ًفردا ًشکریہ ادا کیا گیا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ کارِ خیر ممکن نہیں تھا ۔