Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

مدینہ منورہ میں تلنگانہ این آر آئی ویلفیئر ایسوسی ایشن کا جشن یوم آزادی ہند وستان

مدینہ منورہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن مدینہ منورہ نے15 اگست یوم آزادیٔ ہند کی مناسبت سے 18 اگست بروز جمعہ مدینہ منورہ میں70 واں جشن یوم آزادی تقریب اور مشاعرہ کا اہتمام کیا ہے۔ صدر ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد عبدالجبار خان کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام کو قطعیت دی گئی ۔ صدر نے بتایا کہ ہم اس مقدس سرزمین پر اپنے وطن کاجشن یوم آزادی منانے کا بیڑا اُٹھایا ہے ۔ پروگرام میں شرکت کیلئے ہندوستان کی تمام ریاستوں کے تارکین وطن بہت زیادہ پرجوش ہیں اسلئے ایسوسی ایشن نے استراحہ میں پروگرام رکھنے کا فیصلہ کیاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق تقریباً 200 فیملیز شرکت کیلئے اپنے نام اندارج کرادیئے ہیں ۔شرکت کرنے والوں میں ریاست تلنگانہ ، آندھراپردیش ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، بہار اور یوپی کے لوگوں کی کثرت ہے ۔ صدر نے اجلاس کو بتایا کہ18اگست کو بعد نماز جمعہ استراحہ پر بچوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلے ہونگے ، ڈرائنگ اور تحریری مقابلے بھی ہونگے ۔ رات 6 بجے اردو تقریری مقابلوں کا انعقاد عمل میں آئیگا جس کا عنوان " اسلام اور جمہوریت " رکھا گیا ہے ۔یہ مقابلے 13 سال سے 16 سال عمر کے لڑکے اور لڑکیوں میں ہونگے جبکہ 9 سے 12 سال کے عمر کے بچوں میں " حج " کے عنوان پر تقریری مقابلے ہونگے ۔ رات 7 بجے نظم خوانی کے مقابلے منعقد ہونگے جس میں طلباء و طالبات کو " حمد ،نعت اورنظم سنانی ہوگی ۔ ان مقابلوں میں کامیاب ہونے والے بچوں کو انعامات دیئے جائینگے ۔ خواتین اور بچیوں میں مہندی ڈیزائننگ اور میوزیکل چیئر کے مقابلوں کا بھی انعقاد عمل میں آئیگا ۔ صدرایسوسی ایشن نے بتایا کہ ہم نے ہر عمر کے شرکاء کیلئے مقابلوں کا اہتمام کیا ہے ۔ تلنگانہ این آر آئی ویلفیئر ایسوسی ایشن چاہتی ہے کہ بچوں سے لیکر بڑوں تک میں فٹنس اور اسپورٹس کی اہمیت کو اجاگر کرے ۔ بعد نماز عشاء مہمانوں کیلئے تناول طعام کا وقفہ ہوگا ۔بعد ازاں جشن یوم آزادی پر مختصر تقاریر کا اہتمام ہوگا اور پھر انعامات دیئے جائیں گے ۔ آخر میں مشاعرہ ہوگا جس میں مقامی شعراء اپنا کلام پیش کرینگے ۔ پروگرام میں شرکت کے خواہشمند حضرات صدر محمد عبدالجبار خان، محمد عبدالہادی خان ، محمد عبدالغفار اور منور احمد سے رابطہ کرکے اپنے نام لکھوادیں۔

شیئر: